نئی دہلی،10؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پٹرول ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی مخالفت میں کانگریس کی قیادت میں پیرکے روز بلائے گئے بھارت بند کو عین موقع پر عام آدمی پارٹی (عآپ) نے بھی حمایت دے دی ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنما اور ایم پی سنجے سنگھ خودبھارت بند کی تختی لے کر سڑکوں پر نظر آئے۔ بند کی ابتدا راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کر کے کی گئی ۔ اس موقع پر کانگریس صدر راہل گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ ، کانگریس کی سابق صدرسونیا گاندھی، کانگریس کے دہلی ریاستی صدر اجے ماکن کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے ایم پی سنجے سنگھ بھی اپنی پارٹی کے ممبر اسمبلی اور رہنماؤں سومناتھ بھارتی،پون شرما اور این ڈی شرما کے ساتھ راج گھاٹ پہنچے۔پارٹی کی حکمت عملی اچانک تبدیل ہونے کے سلسلے میں جب ان سے پوچھا گیا تو سنجے سنگھ نے کہا کہ جو مفاد عامہ اور ملک سے جڑے ہوئے مسائل ہیں جیسے بھگوڑے اقتصادی مجرم بل پر ہم نے گزشتہ دنوں حکومت کی بھی حمایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی سے پریشان ہے،جی ایس ٹی سے معیشت لڑکھڑا رہی ہے۔ سب کو ان مدعوں پر متحد ہونا پڑے گا۔ اسے کسی اور چشمہ سے دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بند سے ایک دن پہلے اتوار تک حالانکہ کانگریس اپنے 20 اتحادیوں میں عام آدمی پارٹی کو شامل مان کر چل رہی تھی، لیکن عآپ کے سینئر رہنماؤں نے اس سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کانگریس کو اس کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے کیونکہ ان کے وقت میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں آسمان چھو رہی تھیں۔